Get in touch!



Get in touch!



Agri Content
Modern Farming
Read about general practices related to Value Addition and how to prevent or cure its diseases
Modern Farming

Mushroom Farming
Value Addition

Hydroponics

Floriculture

Medicinal Plants

Tunnel farming

گھرمیں رکھے گئے جانور جیسا کہ گائے بھینس وغیرہ سے حاصل ہونے والی مصنوعات کے ساتھ ساتھ کچن گارڈننگ یعنی گھر میں لگائی گئی سبزیاں اور پھل اگر ضرورت سے زیادہ ہو جائے تو انسے دیگر مختلف مصنوعات بنا کر انکی شیلف لائف بڑھانے یعنی محفوظ کرنے کی مدت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ انسے ویلیوایڈڈ اجناس بنا کرانہیں کاروباری مقاصد کے لئے زیادہ قیمت میں فروخت بھی کیا جا سکتا ہے۔

ان ویلیو ایڈڈ اجناس میں جانوروں سے حاصل شدہ دودھ سے بننے والی اشیاء میں دیسی گھی، دہی، مکھن اور مختلف اقسام کی پنیر وغیرہ جبکہ کچن گارڈننگ سے حاصل شدہ پھلوں اور سبزیوں کی ڈیہائڈریشن، پکلنگ (اچار بنانا)، فریزنگ اور پیوریز، پیسٹ، چٹنیاں، جیمز، مربے اور جوس بنانا شامل ہے۔

### دودھ سےمکھن بنانا : #### اجزاء: • دودھ کی بالائی - دو کپ • دھی- ایک کھانے کا چمچ • ٹھنڈا پانی- ایک گلاس (یخ ٹھنڈا) • برف- بارہ سے بیس کیوبز #### ترکیب: روزانہ جو دودھ آتا ہے اس سے بالائی ہٹا کر جمع کرتے رہیں جب دو کپ ہوجائے تو ایک کھانے کا چمچ دھی بالائی میں شامل کرکے بالائی کا دھی جما دیں۔ پھر بلینڈر میں جمع ہوا دھی اور ٹھنڈا یخ پانی ڈال کر لسی بنائیں اور ساتھ ہی آئس کیوبز بھی شامل کرتے جائیں اس طرح لسی پر مکھن جمع ہونا شروع ہوجائے گا۔ مکھن کو ایک پیالے میں نکال لیں ، اس طرح مکھن تیار ہے۔

### مکھن سے دیسی گھی بنانا تیار کیا ہوا مکھن ایک برتن میں ڈال کر پکنے دیں۔ جب سارا مکھن پِگھل جائے اور مکھن کے بچےہوئے زرات براؤن ہوجائیں تو چولہے سے اُتار لیں۔ گھی کو چھنی سے چھان کر کسی برتن یا بوتل میں نکال لیں۔ اس طرح دودھ کی بالائی سے مکھن اور مکھن سے گھی تیار ہے۔

### دودھ سے دہی جمانا: #### اجزاء: • خالص دودھ ایک لیٹر • دہی ایک چمچ #### ترکیب: دودھ ابال لیں اور ساتھ ساتھ اسے پھینٹیں تاکہ جھاگ بنتا جائے۔ دودھ اچھی طرح ابل جائے تو اس کو اس برتن میں ڈالیں جس میں جمانا ہو۔ (مٹی کے برتن میں جمائیں تو بہتر ہے)۔ اس دودھ کو چمچ کی مدد سے خوب اچھی طرح تقریباً 5 منٹ تک پھینٹیں تاکہ دودھ نیم گرم رہ جائے اور اس میں جھاگ بھی بن جائے۔ جتنا زیادہ جھاگ بنے گا، اتنا ہی بالائی والا گاڑھا دہی جمے گا)۔ اب اس میں ایک چمچ دہی ایک کنارے سے شامل کریں اور دودھ کے اوپر موجود جھاگ کو نہ ہلائیں۔ (میٹھی دہی استعمال کرنے سے دہی میٹھا جمے گا۔ اگر دہی میٹھی نہ ہو تو اپنے دہی میں ذرا سی چینی ملا لیں تاکہ وہ میٹھا ہو جائے)۔ برتن کو اوپر سے ایسے ڈھانپیں کہ اس میں ہوا اندر نہ جائے اور پھر اسے کسی گرم جگہ میں رکھ دیں۔ اسے یا تو رات بھر کے لئے چھوڑ دیں یا پھر دن بھر کے لئے چھوڑ دیں، بہترین دہی تیار ہو جائے گا۔

### چیڈر پنیر #### اجزاء: • لیٹرگائے کا دودھ • 1چمچ. (2 جی) میسوفیلک پاؤڈر • 1چمچ. (5 گرام) رینٹ • 1 چمچ۔ (14 گرام) نمک #### ترکیب: دودھ کو ایک بڑے ساس پین میں ڈالیں اور اسے 86F (30C) تک پہنچنے تک گرم کریں۔ دودھ گرم ہونے پر دایک چمچ میسوفیلک پاؤڈر ڈال دیں۔ میسوفیلک پاؤڈر کو اس وقت تک ہلائیں جب تک کہ یہ تحلیل نہ ہو جائے۔ پھر دودھ کو 45 منٹ تک چھوڑ دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ درجہ حرارت 30 ° C پر رہے۔ سیٹ ہونے پر دہی کو 1.27 سینٹی میٹر (1/2 انچ) کیوبز میں کاٹ لیں۔

پھلوں سبزیوں سے بہت سی مختلف اقسام کی ویلیوایڈڈ اجناس تیار کی جا سکتی ہیں جس میں جس میں میٹھی چٹنیوں کے ساتھ ساتھ مزیدار کھٹے اچار بھی شامل ہیں۔ یہ اجناس تیار کر کے نہ صرف پھلوں سبزیوں کو لمبے عرصے کے لئے محفوظ کیا جا سکتا ہے بلکہ انکے ذائقے اور استعمال کو بھی بدلا جا سکتا ہے۔

اچار بنانا غذا کو محفوظ رکھنے کے اس عمل کو کہتے ہیں جس میں سبزیوں کو مختلف اجزاء جیسا کہ سرکہ، نمک اور مختلف مصالحوں کے ساتھ ملا کر تیار کیا جاتا ہے۔ اس عمل میں تیزابی ماحول پیدا کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے جراثیموں اور پھپھوندی وغیرہ کی افزائش نہیں ہوتی اور اشیاء کے قابلِ استعمال رہنے کی مدت بڑھ جاتی ہے۔ اچار دو طریقے کا ہوتا ہے۔ ایک سبزیوں کو تیل میں ڈالا جاتا ہے اور دوسرا سرکے کا استعمال کیا جاتا ہے۔

### آم کا اچار: #### اجزاء: • کچے آم (سخت) 1 کلوگرام • سرکہ (کچے آم کو دھونے کے لئے) • 1 کپ تیل (کھانے کا تیل یا تلی تیل) 1 لیٹر • لہسن کے جواڑ (چھلکے اتارے ہوئے) 1 کپ • کٹی لال مرچ 1/2 کپ ( یا حسبِ زوق) • کٹا ہوا دھنیا 1/2 کپ • کٹی رائی 4 کھانے کے چمچ • میتھی کے بیج (میتھی) 1 چائے کا چمچ • کلونجی کے بیج (کلونجی) 1 کھانے کا چمچ • سونف 1 چمچ • ہلدی پاؤڈر 1 کھانے کا چمچ • سرکہ 3 کھانے کے چمچ • نمک 1-1/2 کھانے کا چمچ #### ترکیب: کچے آموں اور لہسن کو سرکہ کے ساتھ دھویں اور پھر صاف کپڑے کے ساتھ خشک کر کے کاٹ لیں۔ ان پرپھر ہلدی، نمک لگائیں تاکہ فالتو پانی نکل جائے اور اسے زیادہ لمبے عرصے کے لئے سٹور کیا جا سکے۔ باقی تمام خشک مصالحہ جات اور نمک کو 3 کھانے کے چمچ سرکے کے ساتھ مکس کریں اور کٹے ہوئے کچے آم میں ملا کر اچھی طرح مکس کریں۔ ایک جار یا مرتبان میں آدھا تیل ڈالیں۔ پھر اچار اور لہسن ڈال کر باقی تیل ڈال دیں اچھی طرح مکس کریں۔ اچار کو 4 تا 5 دن تک دھوپ میں رکھیں اور ہر روز اسے ایک دفعہ ضرور ہلائیں۔ 3 دن بعداچار کھولیں اور اگر نمک اور تیل کی ضرورت نظر آئے تو اس میں شامل کر کے مکس کریں۔

### مکس سبزیوں کا اچار #### اجزاء: • گاجر- 2-3عدد • لیموں-4-5عدد • لہسن- 20جوے • پھول گوبھی- 100گرام • ہری مرچیں- 20عدد • سرکہ- 2کپ • کُٹی لال مرچ- 2کھانے کے چمچے • اجوائن- 2/1چائے کا چمچہ • کلونجی- 1چائے کا چمچہ • رائی دانہ- ایک کھانے کا چمچہ • ثابت زیرہ- ایک کھانے کاچمچہ • سونف- ایک کھانے کا چمچہ • میتھی دانہ- 2/1چائے کا چمچہ • ہلدی پاﺅڈر- 2کھانے کے چمچے • سرسوں کا تیل- 2کپ • نمک- حسبِ ذائقہ ### ترکیب: پہلے2-3عدد گاجر،4-5عدد لیموں، 20جوے لہسن ، 100گرام پھول گوبھیاور 20عدد ہری مرچوں کو جولین کاٹ لیں۔اب ان میں دو کھانے کے چمچے ہلدی پاﺅڈراور حسبِ ذائقہ نمک مکس کرلیں۔پھر پین میں دو کپ سرسوں کا تیل گرم کرکے اس میں دو کھانے کے چمچے کٹی لال مرچ، 2/1چائے کا چمچہ اجوائن، ایک کھانے کا چمچہ کلونجی، ایک کپ کھانے کا چمچہ رائی دانہ، ایک کھانے کا چمچہ ثابت زیرہ، ایک کھانے کا چمچہ سونف او ر 2/1 چائے کا چمچہ میتھی دانہ ڈال کر کڑ کڑا لیں۔پھر انہیںسبزیوں میں شامل کرکے مکس کریں اور جار یا بوتل میں ڈال کر رکھیں۔

اسی طرح اس طریقے سے مختلف قسم کے اچار بنائے جا سکتے ہیں جس سے سبزیوں کو استعمال کرنے کی مدت میں اضافے کے ساتھ زائقے کو بہتر بھی بنایا جا سکتا ہے۔ مختلف قسم کے اچار میں گاجر کا اچار،
لہسن کا اچار،

مرچوں کا اچار،

اور لیمو کا اچار وغیرہ شامل ہے۔

### سرکے کا اچار: #### اجزاء: • سرکہ 4 کپ • پانی3کپ • نمک • چینی • پسند کی سبزیاں #### ترکیب: تمام اجزاء کو ملا کر ایک سلوشن بنا لیں۔ سبزیاں دھوکر صاف کرنے کے بعد کاٹ لیں۔ تیار سبزیاں بنائے گئے سلوشن میں ڈال دیں اور تقریباً ایک ہفتے بعد استعمال کریں۔

### ٹماٹو کیچپ #### اجزاء: • ٹماٹر۔ دو کلو • پیاز۔ ایک عدد • لہسن۔ چار سے چھ جوے • دارچینی۔ ایک عدد • لونگ۔ چھ سے آٹھ • نمک۔ ایک ٹی اسپون • لال مرچ۔ ایک ٹیبل اسپون • سرکہ۔ آدھا کپ • چینی۔ تین چوتھائی کپ #### ترکیب: ٹماٹر کو چوپ کر کے پین میں ڈالیں ساتھ ہی پیاز اور لہسن،دار چینی،لونگ ڈال کر دو کپ پانی ڈال کر گلا لیں۔ جب بلکل سوفٹ ہو جائے تو چھنا لے کر اس میں ٹماٹر والا مکسچر ڈال کر اچی طرح مسلیں کہ تمام جوس نکل جائے اور دوبارہ پکنے کے لئے رکھ دیں۔ پھر اس میں نمک،چینی لال، کالی مرچ ڈال دیں ۔ بیس منٹ پکانے کے بعد اس میں سرکہ ڈال دیں اور تیار ہونے پر گرائنڈ کر لیں۔ کیچپ کو گاڑھا اور یکساں بنانے کے لئے اس میں ایک چمچ کارن فلور بھی پانی میں ملا کر پکاتے ہوئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

### املی آلو بخارے کی چٹنی #### اجزاء: • کالے آلو بخارے۔ آدھا کلو • املی کا گاڑھا گودا۔ ایک پیالی • بادام(ابلے ہوئے)۔ دس عدد • کلونجی۔ ایک چائے کا چمچہ • سوکھی گول لال مرچ۔ دس عدد • ادرک(باریک کٹی ہوئی)۔ دو کھانے کے چمچے • چینی۔ ایک پیالی • سفید سرکہ۔آدھی پیالی • نمک۔ حسب ذائقہ #### ترکیب: آلو بخاروں کو گرم پانی میں بھگودیں اور جب وہ نرم پڑجائیں تو ہاتھ سے اچھی طرح میش کرلیں۔ اب اس میں املی کا گاڑھا رس ملادیں۔ اب اسے ہانڈی میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں اور ساتھ ہی اس میں چینی یا گڑھ، ابلے بادام، باریک کٹے لہسن،ثابت لال مرچ، کلونجی اورسفید سرکہ ملا ئیں۔ گاڑھی ہونے کے بعد چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کرلیں۔

### سیب کی چٹنی #### اجزاء: • سیب تین کلو • چینی ڈیڑھ کلو • نمک 120گرام • سرخ کٹی مرچ 30 گرام • کلونجی ایک چمچ • دارچینی 1 ٹکڑا • لونگ 6-7 ٹکڑے • سرکا250 ملی لیٹر #### ترکیب: سیب دھو کر چھلکا اتارنے کے بعد 1 1 انچ کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ پھر سیب کسی برتن میں ڈال کر اتنا پانی ڈالیں کہ سیب ڈوب جائیں اور پک کر گل جائیں۔ انہیں ابالنے کی ضرورت نہیں بلکہ ان کو بھاپ دے کر پکائیں۔ گل جانے پر سارے مصالحے، نمک اور چینی ڈال کر ملا دیں۔ پھر سرکا ڈال کر تھوڑی دیر اور پکائیں اور ٹھنڈا ہو جانے پر استعمال کے لیے بوتلوں یا مرتبان وغیرہ میں محفوظ کر لیں۔

جیم اور مربہ دونوں مختلف پھلوں سے تیار کیا جاتا ہے۔ ان کے بنانے کا طریقہ ایک جیسا ہے لیکن صرف فرق یہ ہے کہ مربہ میں پھل ٹکڑوں کی شکل میں رہتا ہےجبکہ جیم بناتے ہوۓ اسے بلینڈ کر لیا جاتا ہے۔ ### سیب کا جیم #### اشیاء: • سیب ایک کلو گرام • چینی ایک کلو گرام • لیموں ایک عدد #### ترکیب: سیبوں کو اچھی طرح سے صاف کر کے ان کا چھلکا اتار لیں اور بیج نکال کر چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ تمام ٹکڑوں کو ایک دیگچی میں ڈال کر اس قدر پانی ڈالیں کہ پھل اچھی طرح سے ڈوب جائیں ۔ اس کے بعد اس دیگچی کو چولہے پر رکھ دیا جائے اور اس قدر پکائیں کہ سیب اچھی طرح سے گل جائیں ۔ جب سیب اچھی طرح گل جائیں تو کسی لکڑی کے چمچے کی مدد سے ان کا ملیدہ تیار کر لیا جائے اور پھر اس میں چینی ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر اچھی طرح سے پکا لیں۔ جب یہ آمیزہ پکنے لگے تو اس میں لیموں کا رس ملا دیں اور چمچے کی مدد سے ہلا تے رہیں۔ آمیزے کو گاڑھا ہونے پر چولہے سے اتار لیں اور ٹھنڈا کر کے کھلے منہ کی بوتلوں یا پھر کسی مرتبان میں محفوظ کر لیں۔ اسی ترکیب سے باقی پھلوں جیسا کہ سٹرابیری، آم اور مکس فروٹ جیم تیار کیا جا سکتا ہے۔

### سیب کا مربہ #### اجزاء: • سیب دو کلو گرام • چینی دو کلو گرام • لیموں کا رس • نمک حسبِ ضرورت #### ترکیب: پھل کو پانی سے اچھی طرح دھو کر چھلکا اتار لیں۔ سیب کا مربہ پورے پھل کا بھی بنایا جاتا ہے اور سیب کاٹ کر بھی بنایا جاتا ہے۔اپنی ترجیح کے مطابق پھل کی تیاری کریں۔ تیار پھل کو فوراً نمکین پانی میں ڈال دیں تاکہ ہوا لگنے سے سیب کا رنگ خراب نہ ہو۔ چینی اور پانی کا شیرہ تیار کر کے اس میں پھل ڈال دیں اور پندرہ سے 20 منٹ تک اچھی طرح پکا کر آگ سے اتار کر 12 سے 18 گھنٹے تک پڑا رہنے دیں۔ دوسرے دن دوبارہ تقریباً 20 منٹ تک پکائیں تاکہ مربہ گاڑھا ہو جائے۔ مربہ تیار ہو جائے تو اسے مرتبانوں میں بھرلیں۔
مربہ کئی پھلوں کا بنایا جاتا ہے مثلاً آم، سیب، ناشپاتی، امرود، آلوبخارہ، خرمانی، آڑو، چیری، سٹابری، انناس، آملہ، گاجر، پیٹھا، بہی، کروندے، ہرڑ، شکرقندی۔بنانے کا طریقہ تقریباً ایک جیسا ہے۔

پریزرویٹوز: جیم، کیچپ، چٹنیاں اور گھر میں بنائی جانے والی تمام ویلیو ایڈڈ اجناس کو لمبے عرصے کے لئے سٹور کرنے کے لئے ان میں مختلف کیمیکل ڈالے جاتے ہیں جن میں سوڈیم بینزوایٹ اور پوٹاشیم سوربیٹ شامل ہے۔ ان کیمیکلز کو مصنوعات کے وزن کے مطابق 0.1-0.3 فیصد استعمال کیا جائے یعنی ایک کلو جیم یا کیچپ میں 1 یا 3 گرام کیمیکل استعمال کریں۔

یہ ایک ایساعمل ہے جس میں سبزیوں یا پھلوں میں سے پانی کو نکال کر انکی شیلف لائف کو بڑھانے کے ساتھ ذائقہ کو بھی برقرار رکھا جاتا ہے۔ پھلوں سبزیوں سے پانی نکال کر انہیں خشک کرنے کے بعد مختلف قسم کی مصنوعات بنائی جا سکتی ہیں۔ سکُھائے جانے والے پھل سبزیوں میں خوبانی، پیاز، لہسن، ٹماٹر، انگور، مرچیں، کھجور ، آلو، سیب، آم، کچے کیلے اور مختلف مصالحہ جات اور جڑی بوٹیاں شامل ہیں۔ ڈیہائڈریشن مختلف طریقوں سے کی جا تی ہے جس میں؛

### سن ڈرائینگ: اس عمل میں پھل سبزیوں کو سورج کی روشنی میں خشک کیا جاتا ہے تاکہ ان میں موجود پانی کم ہو جائے اور وہ لمبے عرصے تک محفوظ رہ سکیں۔ جہاں نمی ذیادہ ہو وہاں یہ طریقہ استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ اس عمل کے لئے سادہ جالی والی ٹریزکا استعمال کیا جاتا ہے ۔

اس طریقے میں پھل سبزیوں کو سایہ دار جگہ پر رکھ کر ہوا کی مدد سے سکھایا جاتا ہے۔ یہ باقی طریقوں کی نسبت ذیادہ ٹائم لیتا ہے۔

اس طریقے میں اشیاءکو اوون میں رکھا جاتا ہے جہاں گرم ہوا کی حرکت سے ان میں موجود پانی بخارات بن کر نکل جاتا ہے اوریہ خشک ہوجاتی ہیں جس سے خراب ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ اوون دو طرح کے ہو سکتے ہیں ایک تیار شدہ بجلی یا گیس سے چلنے والے اور دوسرا مٹی کی خود سے بنائی گئی بھٹی۔

کمرشل ڈیہائڈریٹرز: بڑے پیمانے پر پھل سبزیاں خشک کرنی ہوں تو تیار شدہ ڈیہائڈریٹرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔یہ ڈیہائڈریٹرز مختلف اقسام کے ہوتے ہیں جیسا کہ سولر ڈیہائڈریٹرز جو سورج کی روشنی سے چلتے ہیں، الیکٹرک ڈیہائڈریٹرز جو بجلی سے چلتے ہیں اس کے علاوہ بوکس اور ٹرے ڈیہائڈریٹرز بھی موجود ہیں جو الماری جیسے دکھتے ہیں اور ان میں ٹریز موجود ہوتی ہیں۔ گھریلو استعمال کے علاوہ بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والے ڈیہائڈریٹرز کو کمرشل ڈیہائڈریٹرز کہا جاتا ہے۔

### ڈیہائڈریشن سے قبل پھلوں سبزیوں کی تیاری: ذیادہ عرصے کے لئے پھلوں سبزیوں کو محفوظ رکھنے کے لئے انہیں سکھانے سے پہلے چند مراحل سے گزارا جاتا ہے جس میں انہیں دھونا، چھیلنا اور کاٹنا( پتلے ٹکڑے) ، بلانچ کرنا ( تین سے پانچ منٹ کے لئے ابلتے ہوئے پانی میں رکھ کر ٹھنڈے پانی میں ڈالنا) ، ایسکوربک ایسڈ اور سلفر ڈائی اوکسائڈ ٹریٹمنٹ ( پھلوں سبزیوں کا رنگ اور ذائقہ محفوظ رکنے کے لئے ) شامل ہے۔ ### ڈیہائڈریشن کے بعد تیار ہونے والی مصنوعات: پھلوں سبزیوں کو سُکھانے کے بعد ان سے مختلف مصنوعات بنائی جا سکتی ہیں جن میں کیلے کے چپس، آلو چپس اور ان کو پیس کر پیاز اور لہسن کا پاؤڈر وغیرہ بنایا جاتا ہے۔

یہ تمام اجناس بنانے کے علاوہ مختلف قسم کی پیکنگ اور گریڈنگ سورٹنگ کر کے بھی پھلوں سبزیوں کی قدر میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

پھلوں اور سبزیوں کو ان کی صفات، جیسا کہ سائز، رنگ، وزن، ساخت اور کوالٹی کی بنا پر الگ الگ کرنے کو گریڈنگ اور سورٹنگ کہا جاتا ہے۔